لاہور (پنجاب پوسٹ) جیلوں میں کرپشن، غفلت، اختیارات کے غلط استعمال اور قیدیوں سے بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کے لیے آئی جی جیل میاں سالک جلال نے سخت اقدامات کا حکم دے دیا۔
گزشتہ ماہ دو جیلوں میں کرپشن کے واقعات کے بعد گرفتاریوں کے پیش نظر آئی جی جیل نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے جیل سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
مراسلے کے مطابق جیلوں میں رشوت، چوری، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور قیدیوں سے بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سپرنٹنڈنٹس ہر چھ ماہ بعد اسٹورز، سامان اور سرکاری پراپرٹی کی خود چیکنگ کریں گے، جبکہ جیل اسٹورز، راشن، کچن اور کیش بک کی ریگولر اور سرپرائز انسپکشن بھی کی جائے گی۔
ہدایت کے مطابق کوئی بھی اسٹور کیپر ایک جگہ پر ایک سال سے زائد عرصے تک تعینات نہیں رہ سکے گا۔ اسٹور میں اشیا کی کمی سامنے آنے پر فوری انکوائری کرکے ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ راشن کی کوالٹی اور مقدار کی روزانہ چیکنگ کرے گا تاکہ قیدیوں کی خوراک میں کسی قسم کی کمی نہ ہو۔ ڈیوٹی روسٹر پر سختی سے عملدرآمد اور کسی بھی غفلت کی فوری رپورٹنگ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
مراسلے میں حساس ڈیوٹی پر تعینات عملے کی ہر ماہ ڈیوٹی تبدیل کرنے، جیل میں وزن، پیمانوں اور ترازو کی ہر تین ماہ بعد جانچ کرکے رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
جیل ملازمین کے قیدیوں سے مالی لین دین اور غیر مجاز ملاقات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ تنخواہ سے غیر مجاز کٹوتی اور ٹی اے ڈی اے میں ہیرا پھیری پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی جیل نے واضح کیا کہ کرپشن، غبن یا بدانتظامی میں ملوث افسران کے خلاف تادیبی اور فوجداری کارروائی ہوگی۔ کسی بھی سنگین بے ضابطگی کی فوری رپورٹ ڈی آئی جی جیل کو کرنا ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں کرپشن اور بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے نگرانی اور احتساب کا عمل مزید سخت کیا جائے گا۔












