لاہور (پنجاب پوسٹ) پولیس کی وردی پہن کر مختلف وارداتیں کرنے والا ملزم سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم نے گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں سینٹرل پلازہ کے قریب موٹر سائیکل چوری کی واردات کی، جس کے بعد سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے کیمروں کی مدد سے ملزم کی ٹریسنگ شروع کی۔
سیف سٹی ٹیم نے ملزم کی تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا اے آئی بیسڈ فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے تجزیہ کیا، جس سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی۔
فیشل ریکگنیشن کے ذریعے ملزم کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کی معلومات بھی سامنے آئیں۔ پولیس کے مطابق ملزم مختلف جرائم کی وارداتوں کے دوران پولیس یونیفارم استعمال کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ میں 6 پولیس مقابلے، 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان ہلاک، 5 زخمی حالت میں گرفتار
سیف سٹی ٹیم نے ملزم سے متعلق تمام اہم معلومات اور ڈیجیٹل شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کیے، جن کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق فیشل ریکگنیشن اور سمارٹ کیمروں کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کی شناخت کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پنجاب ایمرجنسی 15 پر اطلاع دیں۔












