لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے فصلوں کی کٹائی سے قبل ہی ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن سمیت مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری محکموں کی خراب انجن اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں فوری بند کی جائیں گی، جبکہ مقدار سے زائد دھواں دینے والی گاڑیوں کی بھی سختی سے جانچ پڑتال ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چاول کی فصل کی کٹائی سے قبل کسانوں کو 10 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو 150 کمبائن ہارویسٹرز، 13 ٹرانسپلانٹرز، 10 بیلرز اور 500 رائس سٹرا شیڈرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت 9 ہزار سپر سیڈرز پہلے ہی کسانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی پھیلانے والے کارخانوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ کھلی فضا میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے، جبکہ ویسٹ برننگ میں ملوث ستھرا پنجاب کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کیا جائے گا۔
کچرا جلانے میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی ہوگی، جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کچرا جلانے اور آلودگی پھیلانے والوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ باربی کیو اور فوڈ اسٹریٹس میں ماحولیاتی ضابطوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ہاٹ سپاٹ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں نگرانی کریں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ریستوران سیل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں صنعتی یونٹس کی مسلسل نگرانی اور معائنے، کسانوں اور مقامی کمیونٹی میں آگاہی مہم جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بھٹہ ایسوسی ایشنز، تاجروں اور چیمبرز کے تعاون سے بھی ماحولیاتی آگاہی کا عمل جاری رکھنے پر بریفنگ دی گئی۔
سی ٹی او لاہور نے شہر کے داخلی راستوں پر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کی پڑتال اور ٹیسٹنگ کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ ماحولیاتی قوانین اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور سموگ کے خاتمے کے لیے مینجمنٹ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری، ملک صہیب بھرت، عاشق کرمانی اور ذیشان رفیق نے بھی شرکت کی۔












