لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک سمیت تمام میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے 51 شہروں میں ڈرینز اور انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر تقریباً مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ اب تک 96 ڈرینز اور 94 واٹر ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ستمبر میں مزید ایک ڈرین اور 6 واٹر ٹینکس بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا اگلا مرحلہ ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر و بحالی ہے، جس کے تحت 23 شہروں میں کام شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر سے برساتی پانی کے نکاس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جبکہ پروگرام کا بنیادی فوکس شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام ہے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب ویژن” کی تکمیل کے لیے تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ گلیوں، سڑکوں اور سیوریج سسٹم کی تعمیر کے ساتھ پارکس کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بحالی بھی یقینی بنائی جائے گی۔











