گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان 6 مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان ہلاک جبکہ 5 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ باغبانپورہ کے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران دو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت ناظم عرف ناجی کے نام سے ہوئی، جو منشیات فروشی، ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم معمولی تنازع پر شہریوں کو فائر مارنے کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے 1100 گرام چرس اور 520 گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔
تھانہ لدھے والا وڑائچ کے علاقے میں بھی پولیس ناکہ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے والا بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت شاہزیب عرف دانو کے نام سے ہوئی، جو ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے 25 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا اور گوجرانوالہ کے علاوہ شیخوپورہ پولیس کو بھی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کا ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
پولیس کے مطابق تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقے میں راہزنی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم عابد علی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
تھانہ فیروزوالہ پولیس نے راہزنی کے مقدمے میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم شجاع کو بھی پولیس ناکہ سے فرار کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم سے ناجائز اسلحہ اور 29 ہزار روپے نقدی برآمد ہوئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث اور مطلوب ملزم سلمان عرف نکو جٹ کو ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش پر زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 3 کلو سے زائد چرس اور ایک کار برآمد ہوئی۔
تھانہ سبزی منڈی پولیس نے راہزنی اور چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزمان ارتضیٰ اور متین کو بھی پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور واردات کے دوران چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے پولیس مقابلوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔













