پتوکی(پنجاب پوسٹ) میں تھانہ صدر پھول نگر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو انتہائی مطلوب ٹاپ ٹین منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 10 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر منشیات کے بڑے ڈیلروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ صدر پھول نگر پولیس نے پھول نگر اور گردونواح میں منشیات سپلائی کرنے والے بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عمران جوئیہ لمبے جاگیر کا رہائشی اور ٹاپ ٹین منشیات فروشوں میں شامل ہے۔ ملزم مبینہ طور پر عرصہ دراز سے پھول نگر اور گردونواح میں منشیات سپلائی کر رہا تھا اور پولیس کے لیے چیلنج بنا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ریکارڈ یافتہ ہے اور اس کے خلاف اس سے قبل بھی منشیات کے 6 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق سابقہ مقدمات کے باوجود ملزم منشیات فروشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔
تھانہ صدر پھول نگر پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف امتناعِ منشیات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔













