پنجاب کی جیلوں میں ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ منصوبہ کیا ہے، قیدیوں کو کیا فائدہ ہوگا؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کی جیلوں میں اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت جدید انسپکشن اور مانیٹرنگ نظام نافذ کر دیا گیا، ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کے ذریعے جیلوں کی صورتحال کی آن لائن نگرانی کی جا سکے گی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے جیلوں کی انسپکشن اور مانیٹرنگ کے لیے جدید پورٹل کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور سینئر پریزن افسران کو روایتی طریقوں کے بجائے آن لائن پورٹل استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

حکام کے مطابق پورٹل کے ذریعے جیلوں کی سکیورٹی، انتظامی امور، قیدیوں کی صورتحال اور جیل قوانین و قواعد پر عملدرآمد کی رپورٹس لمحہ بہ لمحہ دستیاب ہوں گی۔

ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ میں پنجاب کی ہر جیل کی گنجائش، موجودہ قیدیوں کی تعداد، روزانہ آنے والے اور رہا ہونے والے قیدیوں کا ریکارڈ درج ہے۔

ڈیش بورڈ پر ہر قیدی کی عمر، تعلیمی قابلیت، صحت کی صورتحال اور ہنر سیکھنے کی صلاحیت سے متعلق معلومات بھی موجود ہیں، جس سے قیدیوں کی ضروریات اور فلاحی اقدامات کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں کو پورے خطے کے لیے مثالی اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، اسیران کو تعلیم، تربیت، نفسیاتی امداد اور بہتر ماحول فراہم کرکے معاشرے کا مفید شہری بنانے کے مشن پر کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں خود احتسابی کے نظام کو فعال کیا جا رہا ہے جبکہ نااہلی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

سیکرٹری داخلہ کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں اسیران اب اپنی ضرورت کی 74 بنیادی اشیاء جیل کے اندر شفاف انداز میں خرید سکتے ہیں، جبکہ ہر قیدی کی خریداری اور اشیاء کی قیمت کی تفصیلات بھی آن لائن پورٹل پر دستیاب ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو جیلوں سے متعلق شکایات براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کے لیے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پریزن کے نمبرز فراہم کیے جانے سے بھی آگاہ کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے