لاہور (پنجاب پوسٹ) شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے سے متعلق لاہور ٹریفک پولیس نے سخت اقدامات شروع کر دیے، بغیر ترپال، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور بغیر لائسنس کمرشل گاڑیوں کا لاہور میں داخلہ بند کر دیا گیا۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق رات گئے ہیوی ٹریفک کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کیا گیا، کارروائی کے دوران ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی 209 ٹرالیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ 122 بڑی گاڑیوں کو بھی روکا گیا۔
بغیر لائسنس ہیوی مشینری اور ٹرالر چلانے والے 16 ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ اوورلوڈنگ پر چارہ، بھوسہ اور سریا لے جانے والی 202 ہیوی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
انتہائی خستہ حال اور خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی 144 گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، جبکہ دھواں چھوڑنے والی 88 ہیوی گاڑیوں اور مشینری کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شاہدرہ چوک، برکت پلی، امامیہ کالونی پھاٹک اور سگیاں پل کا دورہ کیا اور ہیوی ٹریفک کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ اب صرف ویلڈ لائسنس رکھنے والی کمرشل گاڑیاں ہی لاہور میں داخل ہو سکیں گی، جبکہ بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی اور دیگر سامان سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کو چلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔














