لاہور (پنجاب پوسٹ) کاہنہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے حلقہ پی پی 159 میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، مختلف علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیلنے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحصیل نشتر ٹاؤن، بہادر آباد، کماہاں، پاک کالونی، شمع کالونی، آٹاری پنڈ، اعوان مارکیٹ، سادھوکی، گجومتہ، دلم، اٹاری، بینک سٹاپ، نشتر اور یوحنا آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں صفائی آپریشن مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صفائی آپریشن کے لیے ہیوی مشینری، لوڈرز اور کمپیکٹرز سمیت متعدد وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ فیول کی مد میں بھی بھاری اخراجات کیے جا رہے ہیں، تاہم زمینی صورتحال تاحال تشویشناک ہے۔
دوسری جانب تحصیل نشتر ٹاؤن چلڈرن اور ہمدرد ورکشاپ سیکنڈ شفٹ کے انتظامی معاملات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر بغیر باقاعدہ آرڈر حافظ علی کے براجمان ہونے کے معاملے کی بھی اعلیٰ سطح پر جانچ پڑتال کی ضرورت ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ صفائی آپریشن عملی اقدامات کے بجائے فوٹو سیشن تک محدود دکھائی دے رہا ہے اور کچرے کے ڈھیر ختم نہ ہونے کے باعث تعفن میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اور سخت نوٹس لیتے ہوئے صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری سے موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے کال رسیو نہیں کی۔














