لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دورہ چین کے بعد متحرک ہوگئیں، ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے، ڈیرہ غازی خان کے عوام الیکٹروبس سروس کے اجراء پر وزیراعلیٰ کے ممنون ہیں۔ وزیراعلیٰ کی موثر پالیسی کے تحت ڈی جی خان میں امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہتر ہورہی ہے جبکہ کچے کے علاقے میں پہلی بار امن و امان کی صورتحال میں بہتری پنجاب میں گڈگورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے، پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جا رہا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں سے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی جی خان سمیت دیگر شہروں میں روڈز، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبے جاری ہیں، ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں۔














