لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف میں اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جبکہ مائیک ہیسن کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ بھی جاری رکھیں گے۔ ناقص کارکردگی پر سرفراز احمد اور عمر گل کو عہدوں سے ہٹانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد اور عمر گل انگلینڈ کے دورے کے دوران مائیک ہیسن کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہیں گے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ رزلٹس اور مطلوبہ پرفارمنس نہ دینے والوں کا سخت احتساب کیا جائے گا، جبکہ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے پیش نظر کوچنگ نظام میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
سرفراز احمد کی ہیڈ کوچنگ میں پاکستان اب تک پانچ ٹیسٹ میچز ہار چکا ہے جبکہ ایک ٹیسٹ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز بنگلہ دیش، ایک ویسٹ انڈیز اور دو انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔














