فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) شہید کانسٹیبل ابرار حسین کی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ، سی پی او تنویر حسین، ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک، ایس ایس پی انویسٹیگیشن احمد نواز شاہ، ایس ایس پی آر آئی بی میاں اکمل، سی ٹی او فیصل آباد ناصر جاوید، ٹاؤن ایس پیز، سول سوسائٹی، لواحقین اور بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل ابرار حسین کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔
شہید کانسٹیبل ابرار حسین تھانہ ٹھیکری والہ کے علاقے میں اقدام قتل کے ملزمان کی گرفتاری کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔
سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء پولیس کے محسن ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
سی پی او نے کہا کہ شہید کے اہل خانہ ہماری فیملی کی طرح ہیں، پولیس ہر موقع اور ہر گھڑی شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑی ہے۔ پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔











