فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں جان قربان کر گیا، خطرناک ملزمان کی فائرنگ سے فیصل آباد پولیس کے کانسٹیبل ابرار حسین شہید ہوگئے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ ٹھیکری والا پولیس نے ایس ایچ او کی قیادت میں نفری کے ہمراہ 73 ج ب جھپال کے علاقے میں اقدام قتل کے خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا۔
پولیس کے مطابق ریڈ کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل ابرار حسین شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور فرض کی راہ میں شہید ہوگئے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران فائرنگ میں ملوث ملزمان بلال، حنان، حماد اور زبیر کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کانسٹیبل ابرار حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی اور ان کی ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ شہید کانسٹیبل ابرار حسین کا مشن پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔














