لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹرین حادثے کی تحقیقات کے حوالے سے ریلوے لاہور ڈویژن کی جانب سے ایک ہی حادثے کی دو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹس سامنے آنے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد جاری کیے گئے پہلے جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں حادثے کی وجہ ٹریک پر کراسنگ کی نوک کا گیج ٹائٹ ہونا قرار دیا گیا، جبکہ پہلے جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں ٹریک کی مناسب مینٹیننس نہ ہونے کو بھی حادثے کی وجہ بتایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے جوائنٹ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے چند گھنٹوں بعد ہی دوسرا جوائنٹ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا، تاہم دوسرے سرٹیفکیٹ میں حادثے کی حتمی وجہ کا تعین نہیں کیا گیا۔
دوسرے جوائنٹ سرٹیفکیٹ کے مطابق ٹو روڈ کی وجہ سے ٹرین ڈی ریل ہوئی، جبکہ حادثے کی ذمہ داری کا تعین مزید تحقیقات کے بعد کرنے کا کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قانون کے رکھوالوں کی رکھوالی کون کرے گا؟ سرائے مغل میں پولیس اہلکار ڈاکوؤں نے لوٹ لیا
ذرائع کے مطابق ایک ہی حادثے کے حوالے سے یکے بعد دیگرے دو جوائنٹ سرٹیفکیٹ جاری ہونے سے ریلوے لاہور ڈویژن کی تحقیقات پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ریلوے لاہور ڈویژن انتظامیہ نے افسران کو بچانے کے لیے پہلے جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں تبدیلی کروائی۔
حادثے کے حوالے سے ڈی ایس لاہور اور ڈی این ون سے موقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔














