لاہور (پنجاب پوسٹ) سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے تنگ نانبائیوں نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کرلیا۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے آئندہ ماہ بڑے احتجاج کی کال دے دی۔
نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق 15 ستمبر کو ایس این جی پی ایل کے گورومانگٹ دفتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا، جس میں شہر بھر کے تندور مالکان شرکت کریں گے۔
نانبائیوں کا کہنا ہے کہ ان کا کاروبار براہ راست گیس سے منسلک ہے، تاہم انہیں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جس کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔
نانبائیوں کے مطابق گیس کی عدم دستیابی کے باعث متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی استعمال کرنا پڑ رہی ہے، لیکن ایل پی جی بھی سرکاری نرخ پر کہیں دستیاب نہیں۔ مہنگی ایل پی جی کے باعث کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کو شہر بھر کے تندور مالکان احتجاج کریں گے۔ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
نانبائیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ فوری حل کیا جائے تاکہ تندوروں کا کاروبار معمول کے مطابق چل سکے اور شہریوں کو بھی نان اور روٹی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔














