لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد حکومتی رکن احسن رضا خان نے پیش کی، جسے آؤٹ آف ٹرن لیا گیا۔
قرارداد پیش کرتے ہوئے احسن رضا خان نے کہا کہ پنجاب میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شدید ہوچکی ہے، ایک جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے تو دوسری جانب ایک طبقے کو اس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب کی عوام اس عمل سے شدید تشویش کا شکار ہے، جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کے کاروبار بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔
احسن رضا خان نے کہا کہ اگر لوڈشیڈنگ ضروری ہے تو اس کا شیڈول جاری ہونا چاہیے اور لوڈشیڈنگ سب پر ایک جیسی لاگو ہونی چاہیے۔
قرارداد کے ذریعے پنجاب اسمبلی نے پنجاب اور وفاق سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر بند کی جائے۔ ایوان نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔














