چنیوٹ (پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے چربی اور جانوروں کی آلائشوں سے مضرِ صحت کوکنگ آئل تیار کرنے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے تحصیل چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سپلائر کے رکشے کو تحویل میں لے لیا۔
کارروائی کے دوران رکشے سے 550 کلوگرام ناقص اور مضرِ صحت چربی برآمد ہوئی۔ فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، جبکہ سپلائی رکشہ بھی ضبط کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ مواد کے نمونہ جات کی لیبارٹری ٹیسٹنگ میں آئل میں "میٹانیل ڈائی” نامی خطرناک کیمیکل موجود نہیں پایا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق ضبط شدہ چربی سے بھاری مقدار میں ناقص گھی اور کھانے کا تیل تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کیا جانا تھا۔ سپلائر کی جانب سے کوکنگ آئل کی تیاری اور سپلائی سے متعلق لازمی ریکارڈ پیش نہ کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ جانوروں کی چربی اور آلائشوں سے حاصل ہونے والا آئل انسانی استعمال کے لیے انتہائی خطرناک ہے، جسے قانونی طور پر صرف بائیو ڈیزل اور صابن کی تیاری میں استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی جعل ساز مافیا کے نت نئے حربوں کو مسلسل ناکام بنا رہی ہے اور عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گردونواح میں ملاوٹ مافیا اور جعل سازوں کی نشاندہی کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوڈ اتھارٹی کی ٹول فری ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔










