لاہور (پنجاب پوسٹ) کوٹ لکھپت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے والدہ اور دو بیٹوں پر مشتمل چور گروپ کو مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو امرسدھو کے علاقے سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان رکشے میں سامان شفٹ کرنے کے بہانے وارداتیں کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل ملزمان نے زینب نامی خاتون کے گھر سے 18 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے گھر کا سامان شفٹ کرنے کے لیے رکشہ منگوایا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سامان منتقل کرنے کے دوران سوٹ کیس سے 4 تولے سونا چوری کرکے غائب ہوگئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے چوری شدہ سونا برآمد کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں رضیہ بی بی، سفیان اور فیضان شامل ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ مشکوک افراد یا سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں۔












