لاہور(پنجاب پوسٹ) ریلوے سسٹم میں ٹرین حادثات کی روک تھام کے دعووں کے باوجود مبینہ ناقص انتظامات کا ایک اور معاملہ سامنے آگیا، لاہور سے روانگی کے وقت ریل کار ٹریک سے اتر گئی۔
ذرائع کے مطابق ریل کار لاہور سے نکلتے ہی حادثے کا شکار ہوئی، جس کے باعث ٹرین کا ایک حصہ پٹری سے اتر گیا، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔حادثے کے بعد ریلوے ٹریک کے معائنے کے دوران مبینہ طور پر فش پلیٹ کی جگہ لکڑی کا ٹکڑا استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ٹریک کے جوڑ کو مضبوط رکھنے کے لیے فش پلیٹ انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے، جبکہ لکڑی کے ٹکڑے کے استعمال نے ریلوے ٹریک کی مضبوطی اور مرمتی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ریلوے ٹریک کی مرمت میں مبینہ ناقص انتظامات کے باعث مسافروں کی جانوں کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ریلوے حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور ٹریک کی مرمت میں لکڑی کے استعمال سے متعلق مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔
ریلوے کے جدید نظام اور حادثات کی روک تھام کے دعووں کے باوجود ٹریک کی مرمت میں مبینہ ’’جگاڑ سسٹم‘‘ کا انکشاف محکمہ ریلوے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔











