مہنگے ٹماٹر، نایاب پیاز، گمشدہ ٹینڈے، اب مریم نواز لاہوریوں کو مفت سبزیاں دیں گی، انوکھا منصوبہ کیا ہے؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے مشن اور روشن ویژن کے تحت لاہور میں سانجھی سبزی پروگرام کا سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد مستحق شہریوں کو مفت اور معیاری سبزیوں کی فراہمی کے ذریعے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہیئر بیدیاں روڈ پر سانجھی سبزی پروگرام کی نئی سائٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عابد ممتاز خان سیال سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

افتتاح کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عابد ممتاز خان سیال نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو سائٹ پر سبزیوں کی کاشت، معیار، پیداوار اور مستحق شہریوں تک بروقت مفت سبزیوں کی فراہمی کے مربوط طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے سائٹ پر انتظامی امور اور سبزیوں کی دستیابی کے عمل کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پروگرام کے ثمرات سو فیصد شفافیت کے ساتھ براہ راست مستحق شہریوں تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف اور فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ سانجھی سبزی پروگرام عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے اور مستحق خاندانوں کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کا اہم اقدام ہے۔ ضلعی انتظامیہ پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت بروئے کار لا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو پروگرام کی مؤثر مانیٹرنگ، سبزیوں کے معیار کو برقرار رکھنے اور ان کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی کامیابی کا اصل مقصد یہ ہے کہ حکومتی اقدامات کا فائدہ بلاواسطہ مستحق افراد تک پہنچے۔

افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر لاہور نے سائٹ پر پودا بھی لگایا اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملکی سالمیت، ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سانجھی سبزی پروگرام کے ذریعے مستحق شہریوں کو مفت سبزیوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فلاحی منصوبوں کے ثمرات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ پروگرام کی کامیابی اور شفاف انداز میں تکمیل کے لیے متعلقہ افسران کو مسلسل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے