لاہور (پنجاب پوسٹ) عارف والا میں نشے کے لیے پیسے نہ ملنے پر مبینہ طور پر ناخلف بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا، جبکہ شرقپور شریف میں حویلی میں کلہاڑی کے وار سے خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا، دونوں واقعات میں پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔
عارف والا کے گاؤں 167 ای بی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق راشد نامی نوجوان نے نشے کے لیے پیسے نہ ملنے پر اپنے حقیقی باپ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان : شوہر نے سسرال میں گھس کر فائرنگ کر کے بیوی کو قتل اور ساس کو زخمی کر دیا
دوسری جانب شرقپور شریف کے قریب گاؤں ٹھٹہ نول کے نواح میں رات تقریباً 4 بجے حویلی میں دلخراش واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گھر آئے ایک مہمان نے حویلی کے باہر موجود خاتون شبانہ بی بی پر کلہاڑی سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں، جبکہ شہباز نامی شخص زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے لاش اور زخمی شخص کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔ دونوں واقعات کی وجوہات، ملزمان اور دیگر حقائق جاننے کے لیے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔










