الخدمت فاؤنڈیشن کے اکیڈمک اسکالرشپ پروگرام کی رجسٹریشن جاری، اب تک 7,820 طلبہ مستفید ہوچکے، سید وقاص جعفری


لاہور ( پنجاب پوسٹ)سیکرٹری جنرل کے مطابق میڈیکل، انجینئرنگ،بی ایس آنرز اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کے طلبہ کو 68 کروڑ 39 لاکھ61 ہزار روپے کی اسکالرشپ فراہم کر چکے ہیں۔

سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے اکیڈمک اسکالرشپ پروگرام کے تحت اب تک 68 کروڑ 39 لاکھ 61 ہزار روپے خرچ کرچکے ہیں، جبکہ 3,985 مرد اور 3,835 خواتین سمیت مجموعی طور پر 7,820 اسکالرز اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ پروگرام کا مقصد مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے سے محروم رہ جانے والے باصلاحیت طلبہ کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ملک بھر کے مستحق اور ہونہار طلبہ کے لیے اپنے اکیڈمک اسکالرشپ پروگرام کی سالانہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اسکالرشپ کے خواہشمند طلبہ کے لیے ہر سال یکم اگست سے 31 اکتوبر تک آن لائن پورٹل کھول دیا جاتا ہے، جہاں وہ اہلیت کی تصدیق، اکاؤنٹ بنانے اور آن لائن درخواست جمع کروانے کے تین آسان مراحل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست دے سکتے ہیں۔

تعلیم ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے اور الخدمت مستحق نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔سید وقاص جعفری نے کہا کہ مالی معاونت کے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن طلبہ کی کردار سازی، رہنمائی اور عملی زندگی میں کامیابی کے لیے مختلف تربیتی نشستوں اور کونسلنگ کا بھی اہتمام کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 1,997 میڈیکل، 623 انجینئرنگ، 4,388 بی ایس (آنرز) اور 812 آئی ٹی کے طلبہ شامل ہیں۔

اس طرح مختلف شعبوں میں زیر تعلیم مستحق اور ہونہار طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ کے لیے اسکول اور کالج کی سطح پر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں کم از کم 75 فیصد مارکس کا میرٹ رکھا گیا ہے، میرٹ پر پورا اترنے والے مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ فراہم کی جاتی ہے۔

یونیورسٹی سطح پر پہلے سے زیر تعلیم طلبہ اپنے سالِ دوم کی تکمیل سے قبل اس اسکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ منتخب ہونے والے طلبہ کو ان کی ڈگری کے اختتام تک طے شدہ مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ مالی مشکلات ان کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے