لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں گوجرانوالہ اور تحصیل چنیوٹ کی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس حسن نواز مخدوم نے حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ماضی میں کی گئی حلقہ بندیوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کے مطابق حلقہ بندی کمیٹی کی تشکیل سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی حلقہ بندیوں پر وہ مطمئن تھے۔
درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ حلقہ بندی کمیٹی نے نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں کرکے متعدد مسائل پیدا کردیے ہیں۔ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے حلقہ بندی کمیٹی کو تجاویز بھی پیش کی گئیں، تاہم کمیٹی نے ان تجاویز کو مسترد کردیا۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے سابقہ حلقہ بندیوں کو برقرار رکھنے کا حکم دیا جائے اور نئی حلقہ بندیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کو دور کیا جائے۔
عدالت نے درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور متعلقہ حلقہ بندی کمیٹی سے جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اب تک 10 درخواستیں دائر ہوچکی ہیں، جن میں حلقہ بندیوں کے طریقہ کار اور نئی حدود سے متعلق اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔











