لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی 36 آسامیوں کے تحریری امتحان کا نتیجہ جاری کر دیا، امتحان میں 162 امیدوار انٹرویو کے لیے عارضی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی 36 آسامیوں میں اوپن میرٹ کی 30، خواتین کوٹے کی 4 جبکہ اقلیتی کوٹے کی 2 آسامیاں شامل ہیں۔ تحریری امتحان 9 اگست 2026 کو منعقد کیا گیا تھا۔
پی پی ایس سی کے مطابق کامیاب امیدواروں میں ثنا رشید، فاطمہ ندیم، بختاور، ماہہ ندیم اور حبیبہ سمیت دیگر امیدوار شامل ہیں، جبکہ عبدالحسیب، عبدالرؤف، منصور نذیر، وقاص اشفاق اور محمد قمر الحق بھی کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں۔
کامیاب امیدواروں کے کال لیٹرز منظور شدہ شیڈول کے مطابق پی پی ایس سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کو انٹرویو کے حوالے سے ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
پی پی ایس سی نے واضح کیا ہے کہ انٹرویو کے وقت امیدواروں کے لیے اصل تعلیمی اسناد اور متعلقہ دستاویزات ساتھ لانا لازمی ہوگا۔













