لاہور(پنجاب پوسٹ) سیشن کورٹ نے شادی کی رات بیوی سے غیر فطری جنسی مباشرت کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ملزم شوہر فاروق کو 10 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ظفر یاب چڈھر نے کیس کی سماعت کی، جبکہ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر رضوان محمود نے ملزم کے خلاف شہادتیں اور شواہد عدالت میں پیش کیے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم فاروق کے خلاف تھانہ کاہنہ میں شادی کی رات اپنی بیوی سے غیر فطری جنسی مباشرت کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کو شادی کی پہلی رات ہی علاج کے لیے ہسپتال لے جانا پڑا۔
عدالت نے گواہان کی گواہی اور پیش کیے گئے شواہد کی روشنی میں ملزم فاروق کو 10 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پراسیکیوٹر رضوان محمود کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تمام تر شواہد عدالت میں موجود تھے۔














