"ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا”، پمز ہسپتال میں معصوم پھولوں کی قربانی کے بعد پنجاب کی 39 تحصیلوں کو نئی فائر گاڑیاں مل گئیں

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کی ہیں، جس کے تحت پنجاب کی 39 تحصیلوں میں 39 نئی فائر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق اس منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔ 39 تحصیلوں کے منصوبے کے تحت 273 فائر فائٹرز اور 156 ڈرائیورز سمیت مجموعی طور پر 429 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ فائر ریسکیو اہلکاروں کے لیے 78 سانس لینے کے حفاظتی آلات، 273 حفاظتی لباس اور مواصلاتی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا مقصد تحصیل کی سطح پر آتشزدگی کے واقعات میں بروقت امدادی کارروائی اور مؤثر آگ بجھانے کی سہولت یقینی بنانا ہے۔ پنجاب کی تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری ہو چکی ہے، جبکہ موجودہ اے ڈی پی میں اس منصوبے کے لیے 1.88 ارب روپے مختص ہیں اور منصوبہ جون 2027 تک مکمل ہوگا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پنجاب میں فائر اینڈ ریسکیو سروسز مکمل فعال ہیں اور تمام اضلاع میں فائر ریسکیو سروسز کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ پنجاب ریسکیو نے اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 338 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں بروقت کارروائی کی، جبکہ جدید اور پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 794 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ یقینی بنایا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب کی تمام کمرشل مارکیٹوں میں 975 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا منصوبہ ہے، جبکہ فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 2,449 بلند و بالا عمارتوں کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔

ان کے مطابق پنجاب کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں لائف سیور اور بنیادی فائر فائٹنگ تربیت کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں موک ایکسرسائزز بھی کرائی گئی ہیں۔ پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز (CERTs) بھی قائم کی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہسپتالوں میں آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جا چکا ہے اور اس پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کا مالی سال 2025-26 کا مجموعی بجٹ 21 ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ نظرثانی شدہ بجٹ 22 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔ ان کے بقول ریسکیو پنجاب دنیا کے نمبر ون ایمرجنسی اداروں میں شامل ہو چکا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے