کوٹلی ستیاں ( نعمان افتخار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مری اور کوٹلی ستیاں کے لیے متعدد بڑے سیاحتی اور ترقیاتی منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کا پہلا سکائی گلاس برج کوٹلی ستیاں میں تعمیر کیا جائے گا، جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ساتھ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے مسائل کے حل کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
حکام کے مطابق مری میں تین نئے ہاسپٹیلٹی زونز قائم کیے جائیں گے، جہاں نجی شعبے کے اشتراک سے بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز تعمیر ہوں گے۔ ان زونز کے لیے شوالا، سوزو اور برروری کے علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مری بحالی منصوبے کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، جس کے تحت متاثرہ علاقوں میں امداد، سڑکوں کی توسیع اور تجاوزات کے خاتمے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ مری گلاس ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کا آغاز ایک ماہ میں کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سیاحت کے فروغ کے لیے نئے پارکس، زولوجیکل گارڈن، گلیمپنگ پوڈ ویلج اور پیراگلائیڈنگ کلب کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ اور دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے دریائے جہلم سے بلک واٹر سپلائی اسکیم کی فزیبلٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں عمارتوں کی دیکھ بھال اور انتظام کے لیے پہلا فیسلیٹی مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔















