لاہور( پنجاب پوسٹ ) ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، ان کے کردار اور پاکستان کے ساتھ ان کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ شعیب صدیقی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ملک کے سفیر ہیں، جو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایم پی اے شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفارتی روابط کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر رابطوں اور کاروباری تعاون کو بھی فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
شعیب صدیقی نے کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں اپنی کامیابیوں کے ذریعے ملک کا روشن اور مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے روشن اور مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان عوامی و سفارتی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔ تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور پاکستانی کمیونٹی کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے ایم پی اے شعیب صدیقی کی آمد اور ملاقات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کو مفید قرار دیتے ہوئے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ کے لیے رابطوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعاون، عوامی روابط اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔













