پولیس سیدھی کرلیں ،بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس، مریم نواز کی آئی جی پنجاب کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن، 30 ستمبر تک پولیس کو باڈی کیمز سے لیس کیا جائے

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں جرائم کی مجموعی صورتحال، پولیس کارکردگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو صوبے میں جرائم کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں ڈکیتی، قتل، چھینا جھپٹی، چوری اور دیگر جرائم میں واضح کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق ڈکیتی کے واقعات میں 54 فیصد، قتل میں 35 فیصد، کار ڈکیتی میں 46 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور میں بھی جرائم میں نمایاں کمی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق لاہور میں قتل کے واقعات میں 43 فیصد، ڈکیتی میں 32 فیصد، کار ڈکیتی میں 43 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری میں 54 فیصد کمی ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کرپشن کے لیے بدنام پولیس افسران کو ایس ایچ او تعینات نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کرنے کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کرپشن میں ملوث یا بدنام پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پولیس میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی گنجائش نہیں اور عوام کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی کیلئے پولیس نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مکمل کنٹرول کیلئے جامع پلان بھی طلب کرلیا۔ انہوں نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے بارے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ”بچے اور خواتین میری ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔”

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کا ردعمل مزید مؤثر بنایا جائے اور ایسے مقدمات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منسلک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد پولیس کی فیلڈ میں موجودگی اور جرائم کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کو باڈی کیمز سے لیس کرنے کیلئے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔باڈی کیمروں کے استعمال سے پولیس اہلکاروں کی فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی، شفافیت میں اضافہ اور پولیس و شہریوں کے درمیان معاملات کی بہتر دستاویز بندی میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں قیدیوں کی وینز میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعات پر سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نقب زنی کے واقعات میں کمی کیلئے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے شیخوپورہ میں جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جن اضلاع میں جرائم کی شرح زیادہ ہوگی وہاں متعلقہ ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی اور ضلعی پولیس کی کارکردگی کو جرائم میں کمی سے جوڑا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان پہلی ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کریں گے۔

انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر نگرانی اور فیلڈ آپریشنز کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے