لاہور ( پنجاب پوسٹ ) محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے شہریوں کو بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی مشکلات سے نجات دلانے اور نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم منصوبہ مکمل کرلیا۔ چوبرجی چوک کے قریب محکمہ ہاؤسنگ سیکرٹریٹ میں 10 لاکھ گیلن گنجائش رکھنے والے میگا گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کی تعمیر مکمل ہوگئی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق یہ منصوبہ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور ضرورت کے مطابق اس کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانا ہے، جس سے چوبرجی اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ترجمان کے مطابق میگا گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک میں 10 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے، جبکہ منصوبے کے ساتھ 20 کیوسک کپیسٹی کی پمپنگ مشینری بھی شامل کی گئی ہے۔ جدید پمپنگ نظام کے ذریعے بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق چوبرجی چوک اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش کے دوران اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں، راہگیروں اور ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئے واٹر اسٹوریج ٹینک کی تکمیل سے بارشی پانی کو مؤثر انداز میں سنبھالنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ سرکاری اراضی کو صرف واٹر اسٹوریج کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اس کے اوپر جدید پارکنگ ایریا، پیڈل ٹینس کورٹ اور کرکٹ پچز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 101 املاک سربمہر
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے منصوبے کو سرکاری جگہ کے مؤثر اور بہتر استعمال کی عملی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہی منصوبے کے ذریعے شہری نکاسی آب کے مسئلے کے ساتھ ساتھ پارکنگ اور کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق منصوبے سے ایک طرف بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام بہتر ہوگا جبکہ دوسری جانب دستیاب سرکاری جگہ کو عوامی سہولت کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ شہری علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کے پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید انفراسٹرکچر اور مؤثر منصوبہ بندی پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ ایسے منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بارش کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے ریلیف فراہم کرنا اور شہری ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق چوبرجی کے قریب مکمل ہونے والا 10 لاکھ گیلن کا میگا گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک لاہور میں بارشی پانی کے بہتر انتظام اور سرکاری اراضی کے مؤثر استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔













