لاہور (پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اور اہم اقدام مکمل کر لیا گیا، صوبے کا پہلا بچوں کا برن یونٹ تیار کر لیا گیا۔
چلڈرن ہسپتال لاہور کے موجودہ ڈائیگناسٹک بلاک کی بالائی منزل پر بچوں کے لیے پہلا پیڈیاٹرک برن یونٹ مکمل کیا گیا ہے، جو 30 بستروں پر مشتمل ہے۔
نئے برن یونٹ میں بچوں کے لیے 8 آئی سی یو بیڈز جبکہ 3 مختص آپریشن تھیٹرز بھی شامل ہیں، جہاں ننھے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا دورہ امریکہ، کون کون سی اہم ملاقاتیں ہونگی؟
یونٹ کے لیے کنسلٹنٹ اسٹاف کی بھرتی مکمل جبکہ میڈیکل افسران بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق بچوں کی صحت کو یقینی بنانا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صحت کے نظام میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔













