مزدوروں کیلئے خوشخبری، میرج گرانٹ 6 لاکھ اور ڈیتھ گرانٹ 8 لاکھ روپے کردی گئی

سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مزدوروں اور ورکروں میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے 419 میرج گرانٹس اور 57 ڈیتھ گرانٹس کے چیکس تقسیم کیے۔

تقریب میں مجموعی طور پر 16 کروڑ 70 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں کمشنر پیسی ذوالفقار علی کھرل، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر، ڈی جی لیبر ویلفیئر سیدہ کلثوم اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء اللہ بٹ نے سیالکوٹ میں لیبر کالونی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی میرج گرانٹ 4 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے اور ڈیتھ گرانٹ 6 لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کیلئے 73 اسکولز قائم ہیں جبکہ 150 بچوں کو میڈیکل کالجز کے وظائف دیے جا رہے ہیں۔ سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں کو ڈیڑھ ارب روپے کے میڈیکل آلات فراہم کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق سیالکوٹ سوشل ویلفیئر ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 50 سے بڑھا کر 100 کردی گئی ہے، جبکہ 13 ڈسپنسریوں میں ادویات کیلئے اربوں روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں اور ورکروں کی فلاح و بہبود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے۔ محنت کش ملک کی خدمت کر رہے ہیں، انہیں جتنی سہولیات دی جائیں کم ہیں۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ کا صنعتکار پاکستان کا سفیر ہے اور ہر جگہ ملک کا جھنڈا بلند کرتا ہے، جبکہ سیالکوٹ کے ہنرمند کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے، ان کا حق ہر صورت ادا کیا جائے گا۔ سیالکوٹ میں ایئرپورٹ اور ایئرلائن کے منصوبوں میں سیاسی قیادت کا بھی بھرپور کردار ہے۔

صدر سیالکوٹ چیمبر سید احتشام مظہر نے کہا کہ سیالکوٹ کے صنعتکار دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، جن کا اصل اثاثہ محنت کش ہیں۔ صنعتکار اور محنت کش مل کر ملک کیلئے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔

سید احتشام مظہر نے کہا کہ ہر محنتی ورکر گولڈن ورکر ہے اور ان کی فلاح ہمیشہ سے ہمارا مشن ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کیلئے فلیٹس بھی بنائے جا سکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے