لاہور (پنجاب پوسٹ) مستحق خواتین کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ادائیگی کا نظام ڈیجیٹل والٹس پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت خواتین کو رقم وصول کرنے کے لیے ادائیگی مراکز کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، بلکہ موبائل فون پر اطلاع ملنے کے بعد کسی بھی بینک سے رقم وصول کی جا سکےگی۔
جوہر ٹاؤن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زونل آفس 501 کا چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو مالی معاونت کی فراہمی، ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام اور دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق خواتین کے لیے مالی معاونت کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا ہے کہ ادائیگی کا نظام مرحلہ وار ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے، دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھ رہی ہے، اس لیے مستحق خواتین کے لیے بھی جدید اور آسان ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
نئے ڈیجیٹل نظام سے مستحق خواتین کو رقم کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں سے ادائیگی مراکز آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق رقم منتقل ہونے پر مستحق خواتین کو موبائل فون پر پیغام کے ذریعے اطلاع دی جائے گی، جبکہ وہ اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے مختلف بینکوں سے رقم وصول کر سکیں گی۔
پہلے خواتین کو ہفتے کے مخصوص دنوں میں ادائیگی مراکز کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم نئے نظام کے تحت ہفتے کے ساتوں دن رقم وصول کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔روبینہ خالد کے مطابق ایک وقت میں 90 لاکھ خواتین کے اکاؤنٹس بنائے گئے اور انہیں ادائیگیاں بھی کی گئیں سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ 20 لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔













