لاہور(پنجاب پوسٹ) مانگا منڈی کے علاقے میں شہری محمد حنیف کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے مقتول کے بھانجے اور اس کے سالے کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے قتل کی سنگین واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مانگا منڈی مرتضیٰ اسلم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے خاندانی رنجش کی بنا پر شہری محمد حنیف کو پھندا ڈال کر قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
ایس پی انویسٹی گیشن صدر کے مطابق ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، جبکہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔












