لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں 12 ربیع الاول، جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صوبہ بھر میں 1436 محافل میلاد النبیﷺ اور 2479 جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 55 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جشن عید میلاد النبیﷺ کی پرنور محافل، ریلیوں اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔
آئی جی پنجاب نے شرپسندوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے، 12 ربیع الاول کے تمام جلوسوں، ریلیوں اور محافل کے لیے ایس او پیز کے مطابق سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے محافل اور ریلیوں کی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے سکیورٹی آرڈر تشکیل دینے میں امن کمیٹیوں، علما کرام اور کمیونٹی لیڈرز کی مشاورت اور تجاویز کو مدنظر رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز 12 ربیع الاول کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے، جبکہ کنٹرول رومز سے پروگرامز کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔
لاہور میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 216 جلوس اور 111 محافل میلاد منعقد ہوں گی، جن کی سکیورٹی کے لیے صوبائی دارالحکومت میں 8 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور والنٹیرز سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔
پولیس، ٹریفک پولیس، ایلیٹ، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی ٹیمیں سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گی، جبکہ محافل، جلوسوں اور ریلیوں کی سکیورٹی کے لیے روایتی و جدید پولیسنگ کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔













