لاہور (پنجاب پوسٹ)ہیئر میں گزشتہ رات 3 لاکھ 12 ہزار روپے کی مبینہ روڈ رابری کے حوالے سے کی گئی 15 کی کال کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ واردات کی اطلاع دینے والا کالر ہی خود مبینہ طور پر اس جھوٹے ڈرامے کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم تنویر الحسن کو گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزم نے 3 لاکھ 12 ہزار روپے ہڑپ کرنے کے لیے روڈ رابری کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے کمیٹی ڈالی ہوئی تھی اور کمیٹی کی تمام رقم اس کے پاس موجود تھی۔ ملزم نے رقم ہڑپ کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے اپنے ساتھ روڈ رابری ہونے کی جھوٹی کال کی۔
یہ بھی پڑھیں:بینک عدالت، ڈیفالٹر شہریوں کی 133 کنال جائیدادیں 25 اگست کو نیلامی کا حکم
ایس پی کینٹ عاطف امیر کا کہنا ہے کہ ملزم زیادہ دیر پولیس کو چکما نہ دے سکا اور دورانِ تفتیش اس نے سچ تسلیم کرلیا۔ پولیس نے جھوٹی رابری کی کال کرنے اور معاملے کو غلط رنگ دینے پر ملزم تنویر الحسن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر نے کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی۔












