ملتان (پنجاب پوسٹ) آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل نے ڈی پی او خانیوال عابد وڑائچ اور ڈی ایس پی کبیروالہ جمشید اکرم بھٹی سمیت دیگر پولیس افسران کے ہمراہ تھانہ نواں شہر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہ راست آر پی او ملتان کے سامنے پیش کیں، جن پر عثمان اکرم گوندل نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او ملتان کا کہنا تھا کہ عوام کو انصاف کی فوری فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ ’’انصاف عوام کی دہلیز پر‘‘ کے ویژن کے تحت تمام اضلاع میں کھلی کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں، جس سے سائلین کو دور دراز دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے مقامی سطح پر اپنے مسائل کے حل کی سہولت مل رہی ہے۔
آر پی او ملتان نے صحافیوں کے ہمراہ پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ کبیروالہ میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔











