دلہن بن کر آئی، جنازہ بن کر نکلی؛ راولپنڈی میں نو ماہ بعد شادی کا المناک انجام

راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)تھانہ سول لائن کے علاقے لال کرتی میں نو ماہ قبل شادی کرنے والی خاتون حنا کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی ہے، اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شوہر نے گھریلو ملازم اور اپنے والد کے ساتھ مل کر خاتون کو قتل کیا اور واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق خاتون کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی، جبکہ قتل کے الزام میں مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی کے مطابق لاش کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے اور منہ پر کپڑا بھی بندھا تھا۔

مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے سسر کی کال موصول ہونے کے بعد وہ گھر پہنچا تو بہن کی لاش باتھ روم میں پڑی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے قتل کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ حنا کا شوہر پہلے بھی اسے اذیت دیتا رہا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق ملزم کی یہ دوسری شادی تھی جبکہ اس کی پہلی بیوی طلاق لے چکی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ حنا کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

متاثرہ خاندان نے مقتولہ کے سسر اصغر علی کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق سسر مقدمے میں نامزد ہے لیکن تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ خاندان نے امید ظاہر کی ہے کہ پنجاب پولیس واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے