لاہور(پنجاب پوسٹ) کرائم کنٹرول میں پولیس فورس کے ساتھ سیف سٹیز کے کیمروں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکام کے مطابق سیف سٹیز کے آپریشنل ہونے کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی جرائم میں 54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے کورڈ علاقوں میں سنگین جرائم میں 76 فیصد تک کمی ہوئی، جبکہ نان کورڈ علاقوں میں جرائم کی شرح میں تقریباً 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 میں سیف سٹیز کیمروں سے کورڈ علاقوں میں 10 ہزار 640 سنگین جرائم رپورٹ ہوئے تھے، جو جون 2026 میں کم ہو کر 2 ہزار 531 رہ گئے۔
اسی طرح نان کورڈ علاقوں میں جنوری 2025 کے دوران 9 ہزار 389 جرائم رپورٹ ہوئے، جبکہ جون 2026 میں یہ تعداد کم ہو کر 6 ہزار 574 رہ گئی۔
حکام کے مطابق گراف سے واضح ہوتا ہے کہ ہر ماہ سیف سٹیز کیمروں سے کورڈ علاقوں میں جرائم کی شرح میں مسلسل کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
اضلاع کی سطح پر کامیابی کے بعد اب تحصیل لیول پر 10 ہزار کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق تحصیل کی سطح پر کیمروں کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد سیف سٹیز کا دائرہ کار یونین کونسل کی سطح تک بڑھایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹیز کے کیمروں سے پولیس فورس کے تمام یونٹس بروقت مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور پولیس رسپانس کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔










