لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائیوں کا سلسلہ تیز، ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے اچانک پتوکی اور چونیاں کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ مدینہ کالونی پتوکی، روسہ ٹبہ اور چونیاں میں ناقص صفائی پر فیلڈ مانیٹرنگ افسران کو معطل کردیا گیا۔
ڈی جی ستھرا پنجاب نے ناقص کارکردگی پر ایم ڈی قصور اور ڈسٹرکٹ مینیجر قصور سے وضاحت طلب کرلی، جبکہ تحصیل مینیجر پتوکی اور تحصیل مینیجر چونیاں کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
عمر جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی کا نظام فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی انتظامات یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ، میاں میر عرس ، ستھرا پنجاب کی صفائی مہم ، کتنے ورکرز کب کب صفائی کریں گے ؟
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، صوبے بھر میں سرپرائز دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ناقص کارکردگی پر ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔












