لاہور ، میاں میر عرس ، ستھرا پنجاب کی صفائی مہم ، کتنے ورکرز کب کب صفائی کریں گے ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) سالانہ عرس حضرت میاں میرؒ کے موقع پر ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی جانب سے خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے۔ صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان خود دربار حضرت میاں میرؒ پہنچ گئے۔ اس موقع پر اے سی کینٹ، ڈی جی ایم آپریشنز اور فلیٹ منیجر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے دربار حضرت میاں میرؒ پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے عرس تقریبات کے دوران صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق عرس تقریبات کے دوران تقریباً 2 لاکھ زائرین کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر دربار اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کے بہترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ دربار آنے جانے والے راستوں اور اطراف کے علاقوں میں فیلڈ آپریشن ٹیمیں مسلسل صفائی کو یقینی بنا رہی ہیں۔

شہریار عارف خان نے بتایا کہ عرس مبارک کے دوران تینوں شفٹوں میں صفائی آپریشن جاری رہے گا۔ ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کے 210 ورکرز صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ دربار حضرت میاں میرؒ اور ملحقہ علاقوں میں رات کی شفٹ کے دوران بھی 50 ورکرز صفائی ستھرائی پر مامور رہیں گے۔

دربار کے اطراف چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ دو روزہ عرس تقریبات کے اختتام تک صفائی آپریشن مسلسل جاری رہے گا۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا کہنا تھا کہ ہر موقع اور تہوار پر شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور زائرین کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے