پنجاب کی جیلوں کے قیدی اب پڑھیں گے لکھیں گے ، مریم نواز کا جیلوں کے حوالے سے نیا منصوبہ کیا ہے ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم، بحالی اور ہنرمندی کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی جی سول سروسز اکیڈمی و ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی فرحان عزیز خواجہ نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال سے ملاقات کی، جس میں جیل اصلاحات اور قیدیوں کی بحالی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔


آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے بتایا کہ جیلوں کو صرف قید رکھنے کی جگہ کے بجائے اصلاح، بحالی اور ہنرمندی کے مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قیدیوں کو باعزت اور پائیدار روزگار کے قابل بنانے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔


TEVTA، PVTC اور پنجاب پرزنز فاؤنڈیشن کے تعاون سے قیدیوں کے لیے مختلف ہنر سکھانے کی تربیت کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ قیدیوں کی تعلیم اور معاشرے میں مؤثر کردار کے لیے چیف منسٹر ایڈلٹ لٹریسی پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔


قیدیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے چیف منسٹر پرزن ویلفیئر اسٹورز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں جیل افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق واچ اینڈ وارڈ فورس سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل تک افسران و اہلکاروں کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب پرزنز اسٹاف ٹریننگ کالج کو اسٹیٹ آف دی آرٹ تربیتی ادارے کے طور پر مزید ترقی دی جا رہی ہے۔


ڈی جی سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے پنجاب جیل خانہ جات میں جاری اصلاحات، قیدیوں کی تعلیم و بحالی اور تربیتی اقدامات کو سراہا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے