لاہور (پنجاب پوسٹ) سمن آباد میں گراں فروشوں کے خلاف خاتون پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سدرہ ظفر خان کی کارروائیاں تیز، مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے متعدد دکانداروں، سپر اسٹورز، تندور، ملک شاپس اور چکن شاپس کو بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے جبکہ متعدد دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سدرہ ظفر خان نے سمن آباد کے مختلف علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ریٹ لسٹوں کی چیکنگ کی، اس دوران مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ پٹرول کی قیمت میں اضافے کی آڑ میں مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کو بھی جرمانے کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: حافظ آباد میں مضر صحت گوشت برامد،شناخت کیسےکی گئی ، فوڈ اتھارٹی کا انوکھا طریقہ کار
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سدرہ ظفر خان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈی سی لاہور کی سربراہی میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جو بھی دکاندار مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرے گا اس کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











