لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مستحق محنت کشوں کو شفاف اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہ اگست میں اب تک مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹس جاری کی جاچکی ہیں۔
صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ کی زیر صدارت کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے حکام نے صوبائی وزیر کو گرانٹس کے اجراء اور کیسز کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
بریفنگ کے مطابق اگست کے دوران ٹیلنٹ اسکالرشپ، میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ کے مجموعی طور پر 1694 کیسز کامیابی سے مکمل کیے گئے۔
ٹیلنٹ اسکالرشپ کے 50 کیسز میں محنت کشوں کو 56 لاکھ 94 ہزار روپے، میرج گرانٹ کے 1444 کیسز میں 20 کروڑ 91 لاکھ روپے جبکہ ڈیتھ گرانٹ کے 200 کیسز میں 8 کروڑ 65 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔
صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء اللہ بٹ نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری لیبر اور ورکرز ویلفیئر حکام کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے افسران کو کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
محمد منشاء اللہ بٹ کا کہنا تھا کہ آن لائن سسٹم کے تحت محنت کشوں کو گرانٹس کا اجراء جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے گرانٹس شفاف انداز میں جاری کی جا رہی ہیں جبکہ تمام کیسز میرٹ کی بنیاد پر نمٹائے جا رہے ہیں۔











