فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے سمن آباد میں خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں پرانی دشمنی پر فائرنگ سے تین خواتین جاں بحق جبکہ ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی، فائرنگ کے دوران تین سالہ زینب کے چہرے پر بھی گولی لگی۔
فیصل آباد کے علاقے 250 ر۔ب، عباس پور روڈ پر مخالفین نے پرانی دشمنی کی بنا پر خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر دھاوا بول دیا، مزاحمت کے دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ زبیدہ بی بی، 35 سالہ عاصمہ اور 8 سالہ مسکان گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ تین سالہ زینب بھی منہ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جنرل ہسپتال سمن آباد منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق خواتین کی لاشیں پولیس کے حوالے کر دی گئیں۔
سی پی او فیصل آباد کا نوٹس
سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں تہرے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد سے رپورٹ طلب کر لی۔
سی پی او کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق سابقہ رنجش کی بنیاد پر راشد وغیرہ نے فائرنگ کرکے زبیدہ، عاصمہ اور مسکان کو قتل جبکہ زینب کو زخمی کیا۔
سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں جبکہ پی ایف ایس اے کی ٹیم موقع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
سی پی او فیصل آباد کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب کا نوٹس
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بھی فیصل آباد میں تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔












