لاہور(پنجاب پوسٹ) صدر مسلم یوتھ لیگ پاکستان تابش قیوم نے ملک میں اتحاد اور استحکام کے لیے تمام سیاسی قیادت کو ساتھ ملا کر میثاقِ نظریہ پاکستان تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور میں مسلم یوتھ لیگ کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تابش قیوم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امت کے اتحاد، دفاعِ حرمین اور عالمی امن جیسے اہم مقاصد کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، تاہم ملک میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی، دہشت گردی، فکری انحطاط اور نظامِ حکمرانی کی خامیاں ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اسلامی سیاست، نبوی منہج اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو نفرت اور تقسیم کے بجائے خیر، اصلاح اور مثبت اقدار کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔
تابش قیوم نے کہا کہ میثاقِ نظریہ پاکستان کسی مخصوص جماعت یا طبقے کے خلاف نہیں بلکہ قومی اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے ہونا چاہیے تاکہ نوجوانوں میں امید پیدا ہو اور ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو صرف بیانات تک محدود رہنے کے بجائے عملی میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کے ذریعے نوجوان عوامی خدمت کا عملی نمونہ پیش کر سکتے ہیں اور بنیادی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔











