لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان اکتوبر اور نومبر میں ہونے والی کرکٹ سیریز کا اعلان کر دیا۔ پاکستان 9 اکتوبر سے 21 نومبر تک سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کرے گا، جس دوران ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
سری لنکا کا دورہ پاکستان 4 اکتوبر سے شروع ہوگا، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد انگلینڈ بھی پاکستان پہنچے گا، جہاں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی۔ ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی۔
ٹرائی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا، جبکہ 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 22 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ٹرائی سیریز کے باقی میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے، جہاں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کا دورہ ٹرائی سیریز کے بعد بھی جاری رہے گا۔ مہمان ٹیم 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد میں تین روزہ میچ کھیلے گی، جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ہوگی۔
ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوگی۔ پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
یوں اکتوبر اور نومبر میں لاہور اور راولپنڈی کے کرکٹ میدانوں میں بین الاقوامی کرکٹ کا بھرپور ایکشن دیکھنے کو ملے گا۔











