نئے صوبوں کا قیام ہی پاکستان کومسائل کی دلدل سے نکال سکتاہے، محمدعلی درانی

لاہور (پنجاب پوسٹ) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے اعلان کیا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں بہاولپور اور ہزارہ صوبوں کے فوری قیام کے لئے آئینی ترمیمی بِل قومی اسمبلی اور سینٹ میں پیش کیاجائے گا۔ جس کا مسودہ تیار کرلیاگیا ہے۔

سیاسی رہنما عمران ریاض کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی درانی نے دیا دلایا کہ مسلم لیگ (ن) 29 جنوری 2019 کو بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کرچکی ہے۔ بہاولپور اور ہزارہ کے عوام جائز طورپر یہ توقع رکھتے ہیں کہ حکمران جماعتیں، پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت بلاتاخیر اس بل کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے کے اپنے وعدے کا پاس رکھیں گی۔ ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کی بحث ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

میں نے یہ جدوجہد2008 میں شروع کی تھی اور الحمداللہ آج 18 سال بعد پوری قوم میں یہ عمومی اتفاق رائے ہوچکا ہے کہ ملک میں نئے صوبے بنائے جائیں ۔ یہ ہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو انتظامی، معاشی اور سماجی مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے۔

محمد علی درانی نے کہاکہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے جاری بحث میں ایک نمایاں پہلو یہ حقیقت ہے کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی اور ہزارہ صوبہ کے قیام پر حکمران جماعتوں سمیت تمام سیاست دان متفق ہیں جبکہ یہ محسن نقوی فارمولے پر بھی پورا اترتے ہیں۔ بہاولپور صوبہ کی بحالی اور ہزارہ صوبے کے قیام کے آئینی اور سیاسی تقاضے پورے ہوچکے ہیں۔ اِن دونوں صوبوں کا قیام بغیر کسی رکاوٹ کے فوری طورپر ممکن ہے۔ محمد علی درانی نے مطالبہ کیا کہ پہلے مرحلے میں بہاولپور صوبہ کو بحال اور ہزارہ صوبہ کو قائم کیاجائے ۔

یہ دونوں صوبے گورننس کا ایک نیا ماڈل بن کر سامنے آئیں گے۔ان دونوں صوبوں کا قیام فوری طور پر پاکستان کی زرعی معیشت کی مضبوطی اور معاشی استحکام کے دروازے کھول دے گا۔ بہاولپور صوبہ پورے پاکستان کی فوڈ باسکٹ بنے گا جہاں چولستان کا64 لاکھ ایکڑ رقبہ پاکستان کی تمام غذائی ضروریات کو پوری کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے