اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح ملکی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کرنے کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ حکومت حکومتی امور، معیشت اور دیگر شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت دے کر ڈیجیٹل معیشت میں ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گوگل کے خارجہ امور اور پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ کی قیادت میں 9 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی وفد کے ہمراہ موجود تھیں۔ ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، آئی ٹی کے فروغ، مصنوعی ذہانت، نوجوانوں کی تربیت اور مقامی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کا مقامی دفتر کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور گوگل کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں گوگل کے کردار کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کی بھی تعریف کی جن کے ذریعے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر تعلیم کا مریم نواز کے حلقے میں مزید 6 ایمیننس اور 2 دانش سکول شروع کرنے کا اعلان
وزیراعظم نے وفد کو حکومت کے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ وژن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے متعدد اقدامات پر عملدرآمد حتمی مراحل میں ہے۔ انہوں نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کے جاری پروگراموں سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
ولسن وائٹ نے وزیراعظم کو گوگل کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مقامی دفتر کا قیام ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے گوگل کے عزم کو مزید تقویت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل موجودہ شراکت داری کو بنیاد بناتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کے لیے طویل مدتی مواقع پیدا کرنے اور مقامی کاروباروں کو عالمی سطح پر لے جانے میں معاونت کرنا چاہتا ہے۔
گوگل کے نائب صدر نے اعلان کیا کہ جلد پاکستانی طلبہ کو ایک سال کے لیے گوگل جیمینائی کی مفت سروس بھی فراہم کی جائے گی، جس سے طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے مزید مواقع مل سکیں گے۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں مقامی شراکت داروں کے تعاون سے قائم کروم بکس کی اسمبلی لائن پر بھی گفتگو ہوئی۔ ولسن وائٹ نے کہا کہ پاکستان میں اسمبل ہونے والی کروم بکس کو خطے کے دیگر ممالک میں برآمد کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوگل پاکستان کی نوجوان آبادی کی بے پناہ صلاحیتوں کو تسلیم کرتا ہے اور آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، گیمنگ سمیت دیگر شعبوں میں مہارت بڑھانے کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف، ولسن وائٹ، امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر اور دیگر معززین نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر یادگاری تختی کی مشترکہ طور پر نقاب کشائی بھی کی۔










