لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ اٹک، لاہور ایئرپورٹ، وزیر آباد، گوجرانوالہ اور جہلم سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق اٹک میں 79، لاہور ایئرپورٹ پر 65، وزیر آباد میں 50 جبکہ گوجرانوالہ اور جہلم میں 39، 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ نارووال میں 33، منڈی بہاؤالدین میں 30، گجرات میں 19، سیالکوٹ میں 11 اور مری میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مون سون بارشوں کا موجودہ چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچے اور بوسیدہ مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کی جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔










